اتر پردیش میں ضمنی انتخابات سے قبل بی جے پی لیڈر جیا پردا نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی ہے جس کی وجہ سے سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ یہاں دو نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔ ان سیٹوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی اور سماج وادی پارٹی کے کئی امیدواروں کے الیکشن لڑنے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ ادھر جیا پردا اور یوگی آدتیہ ناتھ کی ملاقات نے ہلچل مچا دی ہے۔
بی جے پی لیڈر پیر کو لکھنؤ پہنچیں اس دوران وہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی رہائش گاہ پر بھی گئیں اور دونوں نے ملاقات کی۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات کے حوالے سے کافی بات چیت ہو رہی ہے۔ اگرچہ بی جے پی لیڈر نے اسے ایک خیرسگالی ملاقات قرار دیا ۔یکن قیاس آرائیاں ہیں کہ یہ ملاقات ضمنی انتخاب کے حوالے سے ہوئی ہے اور وہ ضمنی انتخاب میں امیدوار ہوسکتی ہیں۔
اتر پردیش میں دو اسمبلی سیٹوں پر انتخابات ہونے ہیں، جن میں سے ایک رام پور کی سوار اسمبلی سیٹ ہے۔ یہ سیٹ ایس پی لیڈر اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کے اسمبلی سے نااہل ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اب اس سیٹ پر جلد الیکشن ہونے ہیں۔ اس دوران وزیر اعلیٰ کے ساتھ جیا پردا کی ملاقات کو لے کر کافی سیاسی قیاس آرائیاں ہورہی ہیں ۔۔