لکھنؤ :(ایجنسی)
اترپردیش میں، بستی، سنت کبیر نگر، سدھارتھ نگر، مہاراج گنج، کشی نگر، دیوریا، گورکھپور، بلرام پور، امبیڈکر نگر اور بلیا کی 57 سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ یوپی میں صبح 11 بجے تک 21.79 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے زیادہ بستی میں ووٹنگ ہوئی ہے۔ دیوریا میں بی جے پی کارکن نے ای وی ایم کی تار توڑ دی۔ ایس پی نے الزامات کی جھڑی لگائی ہے ۔
ایس پی نے شکایت کی ہے کہ دیوریا ضلع میں رام پور کارخانہ اسمبلی حلقہ 339-کے بوتھ نمبر 221-پر بی جے پی کارکن نے ای وی ایم کی تار توڑ دی ہے۔ جس کے سبب ووٹنگ میں خلل پڑ گیا۔ گورکھپور ضلع کے چلوپار ودھان سبھا کے بوتھ نمبر 42 پر ای وی ایم مشین بند کر دی گئی ہے۔ سدھارتھ نگر کے ایٹاوہ ودھان سبھا 305 کے بوتھ نمبر 14، 15 پر بزرگ اور معذور لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ ایس پی نے ضلع انتظامیہ اور الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
بلیا میں کئی مقامات پر پولنگ کا بائیکاٹ
بلیا کے پھپنا علاقے کے کرچی، پروا، نارائن پور اور ملک نوا گاؤں کے ووٹروں نے اسمبلی انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ پروا میں واقع پولنگ اسٹیشن نمبر 151 اور کرچی میں واقع پولنگ بوتھ نمبر 150 اور 151 پر عملہ اور سکیورٹی اہلکار تو پوری تیاری کرلئے تھے لیکن ووٹر ووٹ دینے کے لئے پہنچے۔ سی ڈی او، سی او اور دیگر اعلیٰ حکام نے گاؤں والوں کو بہت سمجھایا اور کارروائی کرنے کی تنبیہ بھی کی، لیکن گاؤں والوں نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے کی وجہ سے ووٹ ڈالنے سے یکسر انکار کر دیا۔
ایس بی ایس پی لیڈر نے بی جے پی کے بستے پر لگے پوسٹر اور جھنڈے پھاڑ دیئے
بلیا کی بانسڈیہہ اسمبلی کے آسیگا میں ایس بی ایس پی لیڈر نے بی جے پی کے بستے پر لگے پوسٹر اور جھنڈے پھاڑ دیئے۔ اس کو لے کر موقع پر کافی ہنگامہ ہوا۔ بی جے پی امیدوار کیتکی سنگھ بھی موقع پر پہنچ گئیں، تاہم بعد میں معاملہ ٹھنڈا ہوگیا۔
کشی نگر ضلع کے کئی بوتھوں پر ای وی ایم میں خرابی
کشی نگر ودھان سبھا-333 کے بوتھ نمبر-44 پر ای وی ایم میں کافی دیر سے خراب رہا، جس کےسبب پولنگ کا کام متاثر رہا۔ کشی نگر ضلع کے فاضل نگر ودھان سبھا-332 کے بوتھ نمبر-110 پر ای وی ایم ڈیڑھ گھنٹے سے خراب تھی۔ سماج وادی پارٹی نے ٹویٹ کرکے شکایت کی ہے۔ ایس پی نے الیکشن کمیشن اور ضلع انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
بی جے پی امیدوار پر حامیوں سے بدتمیزی اور دھمکی دینے کا الزام
بلیا ضلع کے بانسڈیہہ اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار اپنے حامیوں کے ساتھ ایک بوتھ پر پہنچے۔ ایک ٹویٹ میں سماج وادی پارٹی نے الزام لگایا کہ بی جے پی امیدوار اپنے حامیوں کو غیر مہذب طریقے سے دھمکیاں دے رہا ہے۔ پارٹی نے الیکشن کمیشن سے بھی شکایت کی ہے۔ ضلع انتظامیہ اور الیکشن کمیشن فوری نوٹس لیتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرائے ۔